فروغ فرخ زاد (1934ء۔ 1967ء) تہران میں پیدا ہوئیں۔ والد فوج میں کرنل تھے۔ ہائی اسکول سے ڈپلوما حاصل کرنے کے بعد رسمی تعلیم کو خیرباد کہا۔ سولہ سال کی عمر میں ایک سرکاری ملازم سے شادی کرلی۔ شادی کے ایک سال بعد 1952ء میں ان کا شعری مجموعہ ’’قیدی‘‘ شائع ہوا۔ ’’اہوز‘‘ منتقل ہونے سے قبل انہوں نے اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔ ان کا خاوند ان کا بچّہ اپنے ساتھ لے گیا۔ وہ کچھ عرصے بعد تہران واپس آئیں۔ ’’دیوار‘‘، ’’باغی‘‘، ان کی دیگر شعری تصانیف ہیں۔ ان کی نظم ’’ ہمیں سرد موسم کی ابتدا پر یقین کرنے دو‘‘ ۔۔۔ کو جدید ساختیاتی فارسی کی منفرد نظم کہا گیا ہے۔ ان کی فارسی شاعری کا ترجمہ انگریزی میں ’’شوہل ولپ‘‘ نے کیا ہے۔ فروغ فرخ زاد شاعر ہونے کے علاوہ فلم ساز اور ہدایت کو بھی تھیں۔ ان کی ایک دستاویزی فلم ’’گھر سیاہ ہے‘‘ کو بہت شہرت ملی۔ 32 سال کی عمر میں ایک اسکول بس کو حادثے سے بچاتے ہوئے شدید زخمی ہوگئیں۔ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی موت کے بعد ان کے خطوط کا مجموعہ شائع ہوا۔